ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری،بی جے پی والوں سے ہمیں اپنا فرض سیکھنے کی ضرورت نہیں: روشن بیگ

امن وامان برقرار رکھنا حکومت کی ذمہ داری،بی جے پی والوں سے ہمیں اپنا فرض سیکھنے کی ضرورت نہیں: روشن بیگ

Tue, 11 Jul 2017 10:01:09    S.O. News Service

بنگلورو،10؍ جولائی(ایس اونیوز) ریاست میں امن وامان برقرار رکھنے کیلئے حکومت ہمہ وقت تیار ہے ا ور اس نے اپنے اس فریضہ کو بخوبی نبھایا ہے۔ فسادیوں پر کارروائی کے مرحلے میں حکومت کسی بھی تنظیم یا ادارہ کی طرفداری نہیں کرے گی۔ یہ بات آج وزیر شہری ترقیات وحج جناب روشن بیگ نے کہی۔ گلبرگہ میں درگاہ حضرت خواجہ بندہ نوازؒ پر حاضری اور ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں ضلع کے ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لینے کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ ریاستی حکومت پر یہ الزام بے جا ہے کہ حکومت ایم آئی ایم ، ایس ڈی پی آئی ، پی ایف آئی یا کے ایف ڈی جیسی تنظیموں کا ساتھ دے رہی ہے اور ان کے ذریعہ فرقہ وارانہ منافرت کو بڑھاوا دیاجارہاہے۔ بی جے پی رکن پارلیمان شوبھا کارند لاجے کی طرف سے اس طرح کے الزام پر ردعمل ظاہر کرنے سے گریز کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاکہ میرے والدین نے میری اچھے اخلاق اور تہذیب میں پرورش کی ہے، شوبھاکارند لاجے کا جواب دے کر وہ اپنے اخلاق کو خراب کرنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے کہا کہ منگلور میں ایک نوجوان کی موت ہوئی ہے، اس کا دکھ ہر ایک کو ہونا چاہئے، اس کے خاندان والدوں کو جو صدمہ پہنچا ہے حکومت اس میں برابر کی شریک ہے، ہر سیاست دان کو چاہئے کہ اس خاندان کو تسلی دینے کی بات کرے، بدقسمتی سے بی جے پی اور اس کے قائدین اس نوجوان کی موت پر سیاسی کھیل کھیلنا چاہتے ہیں ،جو درست نہیں ۔آنے والے انتخابات کو مدنظر رکھ کر بی جے پی نے انسانی ہمدردی کو بھی فراموش کردیا ہے اور عوام کو گمراہ کرنے پر اتر آئی ہے، یہ بالکل غلط ہے۔ 


Share: